ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں رشوت لینے کے دوران اے سی بی نے مارا چھاپہ؛ 2افسران گرفتار

منگلورو میں رشوت لینے کے دوران اے سی بی نے مارا چھاپہ؛ 2افسران گرفتار

Sat, 27 Oct 2018 11:49:06    S.O. News Service

منگلورو27؍اکتوبر(ایس اونیوز) ایک کالج کی عمارت میں توسیع کرتے ہوئے دوکمرے اور ایک ٹوئلیٹ تعمیر کرنے کی اجازت دینے کے لئے مبینہ طور پر رشوت لینے والے دوافسران کو اینٹی کرپشن بیورو نے گرفتار کرلیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے افسران میں ایک کا نام سوریہ نارائنا بھٹ ہے جو کہ رورل ڈیولپمنٹ اور پنچایت راج محکمے میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ ہے اور دوسرے کا نام سدھین ہے جو اسسٹنٹ انجینئر کے عہدے پر فائز ہے۔ اے سی بی ٹیم کے چھاپے میں شامل افسران کا کہنا ہے کہ رشوت میں لی گئی رقم کے علاوہ ان ملزمین کے پاس سے 26ہزار اضافی رقم بھی دستیاب ہوئی ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ چکمگلورو ضلع کے کالسا نامی مقام پر گورنمنٹ پی یو کالج میں دوکمرے اور ٹوئلیٹ تعمیر کرنے کے لئے باپونگر موڈیگیرے کے آدم نے اپنے عمر رسیدہ والد ابوبکر کے نام سے ٹینڈر کے ذریعے اپنی پیش کش رکھی تھی۔آدم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس نے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد تعمیراتی ٹھیکے لینا شروع کیا ہے اور گزشتہ دس برسوں سے اپنے والد کے ساتھ مل کر یہ کام کررہا ہے۔

جب مذکورہ ٹینڈر آدم کے والد ابوبکر کے نام پر منظور ہواتو سوریہ نارائنا بھٹ نے آدم کو موبائل فون کے ذریعے پیغام دیا کہ دفتر کے سپرنٹنڈنگ انجینئر رویندرا اس ٹینڈر کو ابوبکر کے نام پر دینے کے لئے 50ہزار روپے طلب کررہا ہے۔مبینہ طور پر فون پر گفتگو کے بعدسوریہ نارائنا بھٹ نے آدم سے کہا کہ رقم کے سلسلے میں مزید کمی بیشی پر گفتگو ہوسکتی ہے ، لیکن وہ کم از کم 50فیصدرقم کے ساتھ دفتر میں آکر ملاقات کرے۔

آدم نے اینٹی کرپشن بیورو پہنچ کر مذکورہ بالا تین افسران کے خلاف شکایت درج کروائی۔ اس کے بعد منصوبے کے تحت اے سی بی کی ٹیم نے سٹی کارپوریشن کی عمارت میں واقع پنچایت راج دفتر میں پہنچ کر دو افسران کوآدم کے ہاتھ سے 25ہزار روپے رشوت لیتے وقت اپنے جال میں پھانس لیا۔اے سی بی افسران نے جب تلاشی لی تو بھٹ کے بیگ سے 26ہزار روپے کی اضافی رقم دستیاب ہوئی جس کے بارے میں بھٹ کی جانب سے کوئی اطمینان بخش جواب نہیں ملا۔

اے سی بی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شروتھی این ایس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سدھیر ایم ہیگڈے، اڈپی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دینکر شیٹی، انسپکٹر یوگیش کمار اور دیگر افسران اس چھاپہ ماری میں شامل رہے۔


Share: